Friday, March 29, 2024

امریکی وسطی ریاستیں طوفانی ہواؤں کی زد میں آگئیں،5 افراد ہلاک، 4 لاکھ بجلی سے محروم

امریکی وسطی ریاستیں طوفانی ہواؤں کی زد میں آگئیں،5  افراد ہلاک، 4 لاکھ بجلی سے محروم
December 17, 2021 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا کی وسطی ریاستیں خوفناک بگولوں کے بعد طوفانی ہواؤں کی زد میں آگئیں جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 4 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔ فلپائن میں کٹیگری فور کے طوفان کے باعث شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

تباہ کن بگولوں کے بعد طوفانی ہواؤں نے امریکا کی وسطی ریاستوں میں تباہی مچا دی، 4 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔

طوفانی ہواؤں کے باعث کنساس شہر کے ایئر پورٹ خالی کرالیا گیا، مختلف ہائی ویز کو ٹریفک کیلئے بند کرنا پڑگیا۔ ریاست آئیووا میں تیز ہوا کی زد میں آکر ٹرک الٹ گیا۔ طوفانی ہواؤں سے گھر تباہ، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، گلیوں اور سڑکوں پر ملبہ بکھرا پڑاہوا ہے، تیز ہواؤں کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

امریکی قومی موسمیاتی سروس کے مطابق طوفان نے اب کینیڈا کا رخ کرلیا ہے۔ ادھر فلپائن بھی سال کے بدترین طوفان کی زد میں ہے۔ کٹیگری فور کے رائی طوفان کے باعث ملک میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فلپائن میں 195 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

ساحلی علاقوں سے تقريباً ایک لاکھ افراد محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر گئے ہیں۔ شدید طوفان کے باعث فلپائن کے بيشتر حصوں ميں پروازيں منسوخ کر دی گئی ہیں فلپائن میں رواں سال کا یہ 15 واں سمندری طوفان ہے۔