Friday, March 29, 2024

امریکی وزیر خارجہ کا خشوگی کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

امریکی وزیر خارجہ کا خشوگی کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ
November 12, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے صحافی جمال خشوگی کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کر دیا۔ ترجمان محکمہ خارجہ ہیدر نوئرٹ کے مطابق مائیک پومپیو نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ سعودی ولی عہد سے مطالبہ کیا کہ جمال خشوگی کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ دونوں رہنماؤں میں ٹیلی فونک گفتگو کے دوران یمن تنازع پر بھی بات ہوئی  جس میں مائیک پومپیو نے فریقین سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ دوسری طرف سعودی صحافی جمال خشوگی نے مرنے سے پہلے کیا کہا تھا؟۔ ترکی کے سینئر صحافی نے راز سے پردہ اٹھا دیا۔ ناظف کرامان کا کہنا تھا کہ خشوگی کی پلاسٹک بیگ سے سانسیں بند کی گئیں اور وہ دم گھٹنے سے ہلاک ہوا۔ واقعے کی آڈیو ریکارڈنگ کے مطابق خشوگی کے آخری الفاظ تھے ،"،میرا دم  گھٹ رہا ہے  یہ بیگ ہٹاؤ۔ ترک صحافی کے مطابق قتل کے بعد سعودی قونصل خانے کے فرش پر پلاسٹک بچھا کر پندرہ منٹ میں لاش کے ٹکر کیے گئے۔ ناظف کرامان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ترک  حکام نے مقتول صحافی کی لاش کی تلاش روک دی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔