Friday, April 19, 2024

امریکی وزیر خارجہ پومپیوشمالی کوریا پہنچ گئے

امریکی وزیر خارجہ پومپیوشمالی کوریا پہنچ گئے
May 9, 2018
پیانگ یانگ (92 نیوز) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ سرپرائز دورے پر شمالی کوریا پہنچ گئے۔ مائیک پومپیو انتہائی اہم دورے پر شمالی کوریا پہنچے ہیں جہاں وہ کم جونگ ان سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کورین رہنما کم جونگ ان کی ملاقات اور شمالی کوریا میں قید امریکیوں کی رہائی جیسے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ ان کے دورہ شمالی کوریا سے متعلق انکشاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا تھا۔ ٹرمپ کےمطابق دونوں ممالک کے درمیان ملاقات سے متعلق تمام معاملات پر اتفاق ہو گیا ہے۔ مائیک پومپیو کا شمالی کوریا کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ گزشتہ ماہ مائیک پومپیو نے بطور سی آئی اے سربراہ  شمالی کوریا کا خفیہ دورہ کیا تھا۔