Sunday, September 8, 2024

امریکی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سوزن رائس کی کل پاکستان آمد !!! حکومتی اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کریں گی

امریکی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سوزن رائس کی کل پاکستان آمد !!! حکومتی اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کریں گی
August 29, 2015
اسلام آباد (92نیوز) امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس کل پاکستان پہنچیں گی۔ پاکستان امریکہ کے ساتھ بھارتی جارحیت، لائن آف کنٹرول پر کشیدگی، بلوچستان میں ”را“ کی مداخلت، دہشت گردی، پاک افغان مفاہمتی پالیسی سمیت اہم امور پر بات کریگا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس کل اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر پاکستان آئیں گی۔ دورے کے دوران وزیر اعظم نواز شریف، عسکری قیادت اور قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گی۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس کے ساتھ بھارت کی ورکنگ باونڈری، لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ، بلوچستان میں ”را“ کی مداخلت کا معاملہ بھی اٹھائے گا۔ سوزن رائس کو بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے بےگناہ شہریوں اور زخمیوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نواز شریف اور قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز سے ہونے والی ملاقاتوں میں پاک امریکہ دفاعی تعلقات، پاک افغان مفاہمتی عمل سے متعلق امور بھی زیربحث آئیں گے جبکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں، کامیابیوں اور نقصانات کا بھی تذکرہ کرے گا۔