Wednesday, May 8, 2024

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے
June 2, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) افغانستان میں دیرپا قیام امن، مفاہمتی عمل کی کامیابی کیلئے کاوشیں تیز ہونے لگیں۔ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے۔

 زلمے خلیل زاد پاک امریکا دوطرفہ مشاورتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی کے امور زیر غور آئیں گے۔

قبل ازیں پاکستان اور امریکہ کے مابین وفود کی سطح پر اہم مذاکرات ہوئے تھے۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی ۔ سفیر نے امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط کی تفصیلات سے وزیرخارجہ کو  آگاہ کیا تھا اور بتایا کہ امریکی صدر نے افغان مفاہمتی عمل کے سلسلے میں پاکستان کے تعاون کے حصول کے لیے وزیراعظم کو خط لکھا ہے۔

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں سیاسی تصفیہ کے لیے خلوصِ نیت کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا کیونکہ افغانستان میں قیام امن، پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے بھی افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کے تعاون کے حصول کیلئے صدر ٹرمپ کے پیغام کا خیرمقدم کیا تھا ۔

 دفتر خارجہ میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی تھی۔ مذاکرات کے دوران افغانستان میں امن اور سیاسی حل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔