Sunday, September 8, 2024

امریکی محکمہ خارجہ اپنے خدشات کو بھارت کی ریاستی دہشتگردی پر مرکوز کرے ،ترجمان دفتر خارجہ

امریکی محکمہ خارجہ اپنے خدشات کو بھارت کی ریاستی دہشتگردی پر مرکوز کرے ،ترجمان دفتر خارجہ
January 10, 2021

اسلام آباد (92 نیوز)ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ اپنے خدشات کو بھارت کی ریاستی دہشتگردی پر مرکوز کرے۔ امریکا کو بھارتی ریاستی دہشتگردی کی مالی معاونت، منصوبہ بندی، تربیت اور پھیلاؤ پر ناقابل تردید شواہد فراہم کیے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ذکی الرحمن لکھوی کی سزا پر گمراہ کن بیان پر ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے مفاد میں اپنے قوانین کی پاسداری، عالمی ذمہ داریوں کی تعمیل کر رہا ہے۔تحقیقات، استغاثہ،سزائیں، موثر پاکستانی نظام عدل کی عکاس ہیں۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان کا نظام انصاف خارجی عوامل یا اثرات سے پاک ہے۔ ممبئی مقدمے میں قانونی عمل بھارت کے عدم تعاون پر رکا ہوا ہے۔ بھارت، ممبئی کیس کے گواہان کو پاکستانی عدالت میں جرح کیلئے نہیں بھیجنا چاہتا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں جہاں ذکی الرحمن لکھوی کی سزا کو خوش آئند قرار دیا وہاں کئی اعتراضات بھی اٹھائے کہا کہ ذکی الرحمن لکھوی کا جرم، دہشتگردی کی مالی معاونت سے بڑا ہے ۔ پاکستان مجرم کا ممبئی حملوں سمیت دہشتگردی پر بھی محاسبہ کرے۔