Friday, April 26, 2024

امریکی ماہرین نے آتش گیر مادہ سونگھنے والا حساس سینسر تیار کر لیا

امریکی ماہرین نے آتش گیر مادہ سونگھنے والا حساس سینسر تیار کر لیا
December 27, 2015
لندن (ویب ڈیسک) دنیا کے کئی تحقیقی گروپ ایسے حساس آلات کی تیاری میں مصروف ہیں جو آتش گیرمادے کا پھٹنے سے قبل ہی سراغ لگا لیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے تعاون سے ڈاکٹر سسلک اور ان کی ٹیم نے ہاتھ کے استعمال کا ایک ایسا آلہ تیار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے جس میں رنگ کو جانچنے والا حساس مادہ ٹی اے ٹی پی اور دیگر آتش گیر مادوں کے ساتھ ردعمل کے نتیجے میں ان کی تشخیص کر لیتا ہے۔ اس آلے کے سینسر میں ٹن اوکسائڈ نامی مادہ موجود ہے۔ جب ٹی اے ٹی پی اس مواد کے ساتھ عمل پذیر ہوتا ہے تو اس سے حرارت پیدا ہوتی ہے اور آلہ ٹی اے ٹی پی کی موجودگی کی تشخیص کر لیتا ہے۔ سائنس دان کہتے ہیں اگر کسی خود کش بمبار نے ٹی اے ٹی پی سے بھری جیکٹ پہن رکھی ہے تو یہ ضروری ہے کہ اس میں سے کچھ نہ کچھ گیس خارج ہو رہی ہو گی۔ جب ٹی اے ٹی پی سے نکلنے والے گیس کے بخارات اس آلے میں داخل ہوتے ہیں تو وہاں ان کا ٹھوس تیزابی اجزاءکے ساتھ تعامل ہوتا ہے جس کے نتیجے میں وہ اپنا رنگ تبدیل کر لیتے ہیں۔ رنگ کی اس تبدیلی کو دیکھتے ہوئے یہ انتہائی حساس آلہ کروڑوں اقسام کی ٹی اے ٹی پی میں سے کچھ ہی کی تشخیص کر پاتا ہے۔ اس نئے آلے سے تقریبا ایک درجن کے قریب مختلف آتش گیرمادوں کی تشخیص ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ کیمیائی ماہرین نے انکشاف کیا تھا کہ پیرس حملوں کے بمباروں نے جس دھماکا خیز مادے کا استعمال کیا تھا اسے آسانی سے گھر پر ہی تیار کیا جا سکتا ہے۔ ٹی اے ٹی پی نامی یہ آتش گیر مادہ فارمیسی میں دستیاب کیمیکلز اور ہارڈویئر کی دکانوں پر موجود دھاتی اشیاءکو ملا کر تیار کیا جا سکتا ہے۔