Thursday, March 28, 2024

امریکی فوج 20 سال بعد افغانستان سے نکل گئی

امریکی فوج 20 سال بعد افغانستان سے نکل گئی
August 31, 2021 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) امریکی فوج 20 سال بعد افغانستان سے نکل گئی۔ افغان سرزمین سے آخری امریکی طیارہ بھی روانہ ہو گیا۔

افغانستان میں تیسری سپرپاور کو بھی شکست کے بعد نکلنا پڑا۔ برطانیہ کو 1919 میں ، روس کو 1989 میں اور امریکہ کو 2021 میں نکلنا پڑا۔ امریکہ کی طویل ترین جنگ کا اختتام  ہو گیا اور افغانستان سے انخلا مکمل کر لیا۔

رات 12 بجے آخری امریکى فوجی کابل ائیرپورٹ سے نکلا۔ کابل بھر سے بھاری فائرنگ اور گولیوں کی تڑتڑاہٹ کی آوازیں سنائی دی گئیں۔ کابل سے آخری امریکی فوجی کے نکلنے پر جشن کا سماں ہو گیا۔ طالبان نے سڑکوں پر سجدہ شکر ادا کیا اور نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعرے لگائے۔ کابل کی مساجد سے بھی نعرہ تکبیر اللہ اکبر سبیلنا سبیلنا الجہاد کے نعرے لگائے گئے۔

آخری امریکی فوجی کی روانگی سے افغانستان، نیٹو اور امریکی قبضے سے مکمل طور پر آزاد ہو گیا۔ کابل ائیرپورٹ کا طالبان کے 313 بدری یونٹ نے مکمل کنٹرول سنبھال لیا۔

امریکا نے افغانستان سے فوجی انخلاء مکمل ہونے کی تصدیق کر دی۔ امریکا کے قبضے میں موجود افغانستان کا آخری علاقہ بھی طالبان کے کنٹرول میں آ گیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل میکنزی نے افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا مکمل ہونے کی تصدیق کر دی۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے افغانستان سے مکمل انخلا کے بعد پہلے بیان میں کہا آج افغانستان میں ہماری  20 سالہ موجودگی ختم ہو گئی۔ اپنے کمانڈرز اور ان کے ماتحت کام کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ گزشتہ 17 دنوں میں انخلا آپریشن کے دوران 1 لاکھ 20 ہزار افراد کو افغانستان سے نکالا گیا۔ جو افغانستان چھوڑنا چاہتے ہیں ان کے لیے محفوظ راستہ یقینی بنایا جائے گا۔ امریکی صدر جوبائیڈن قوم سے خطاب بھی کریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ نے افغان صورتحال پر بریفنگ میں کہا افغانستان میں فوجی مشن ختم ،سفارتی شروع ہو گیا۔ ہماری فورسز نے افغانستان سے لوگوں کے انخلا کیلئے شاندار انداز میں کام کیا۔

 رات 12 بجے آخری امریکى فوجی کابل ائیرپورٹ سے نکلنے کے بعد طالبان کے سینئر رہنما انس حقانی نے کہا ہے کہ طالبان نے تاریخ رقم کر دی۔ سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں انس حقانی نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ بیس سال کی قربانیوں اور مشکلات کے بعد ہمیں ان تاریخی لمحات کو دیکھنے کا فخر حاصل ہوا۔

دوسری جانب ترجمان طالبان ذبیح ﷲ مجاہد نے کہا کہ الحمداللہ افغانستان نے مکمل آزادی حاصل کر لی۔ کابل میں امریکی فوج کے انخلاء پر خوشی میں فائرنگ ہو رہی ہے، عوام پریشان نہ ہوں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان سے محفوظ انخلاء کے حق میں قرارداد منظور کر لی گئی۔ 15 رکنی کونسل کے 13 اراکین نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ چین اور روس اجلاس سے غیر حاضر رہے۔ ہنگامی اجلاس میں طالبان سے افغانیوں اور غیر ملکیوں کے محفوظ انخلاء کی پاسداری کا مطالبہ کیا گیا۔