Saturday, May 18, 2024

امریکی عوام اپنا صدر کس طرح منتخب کرتے ہیں؟

امریکی عوام اپنا صدر کس طرح منتخب کرتے ہیں؟
November 8, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) عام تاثر یہی ہے کہ تمام امریکی اپنی پسند کے صدارتی امیدوار کو ووٹ دیتے ہیں اور جس امیدوار کے ووٹ زیادہ ہوں وہ صدر منتخب ہو جاتا ہے لیکن یہ تاثر درست نہیں۔ امریکی صدر کے انتخاب کا طریقہ کار اتنا سادہ اور آسان نہیں۔ پچاس ریاستوں پر مشتمل الیکٹورل کالج صدارتی امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں صدارتی انتخابات کا سلسلہ انفرادی رائے دہی سے شروع ہوتا ہے۔ تمام امریکی شہری اپنی اپنی ریاست میں صدر کے لیے ووٹنگ میں حصہ لیتے ہیں۔ امریکی عوام کے اکثریتی ووٹ لینے والا امیدوار صدرنہیں بن جاتا ہے۔ اس کے لیے مطلوبہ الیکٹورل ووٹ لینا لازمی ہے۔ عوام براہِ راست اپنا صدر منتخب نہیں کرتے بلکہ انتخاب کنندگان کی ایک جماعت مل کر یہ کام کرتی ہے جسے الیکٹورل کالج کہا جاتا ہے۔ الیکٹورل کالج میں ریاست کے وفاقی نمائندے اور سینیٹر شامل ہوتے ہیں۔ امریکہ کی پچاس ریاستیں ہیں جن کے مجموعی طور پر 538الیکٹورل ووٹ ہیں اور کسی بھی امیدوار کو کامیابی کے لیے 270الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ عوام جس صدارتی امیدوار کو ووٹ دیتے ہیں وہ براہِ راست شمار نہیں کئے جاتے بلکہ ہر ریاست میں الگ الگ شمار کئے جاتے ہیں اور کسی ریاست میں زیادہ ووٹ حاصل کرنے والاامیدوار اس ریاست کے الیکٹورل کالج کے ووٹ کا حقدار ہوتا ہے۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 55، ٹیکساس میں38، نیویارک میں29، فلوریڈا کے29، الینوئس میں 20، پنسلوینیا میں 20، اوہائیو کے اٹھارہ، جارجیا، مشی گن کے سولہ ، سولہ، نارتھ کیرولائنا کے پندرہ، منیسوٹا، میسوری، وسکونسن اور میری لینڈ کے دس، دس الیکٹورل ووٹ ہیں۔ تمام ریاستوں میں جو امیدوار مجموعی طور پر 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لے وہی وائٹ ہاوس کا نیا مکین بنتا ہے۔