Friday, March 29, 2024

امریکی علیحدگی کے باوجود دیگرممالک سے جوہری معاہدے پر عملدرآمد جاری رکھیں گے ،ایرانی صدر

امریکی علیحدگی کے باوجود دیگرممالک سے جوہری معاہدے پر عملدرآمد جاری رکھیں گے ،ایرانی صدر
May 9, 2018
تہران (92 نیوز) ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکی علیحدگی کے باوجود دیگر ممالک سے جوہری معاہدے پر عملدرآمد جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری ڈیل سے علیحدگی پر ایران نے سخت ردعمل دیا۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ ایٹمی معاہدے پر عمل کیا جبکہ امریکا کبھی اس سے مخلص نہیں تھا۔ ٹرمپ کو ایرانی قوم اور معیشیت پر دباؤ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران چند دنوں میں یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کر سکتے ہیں لیکن ایسا کرنے سے قبل اتحادیوں سے مشورہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب فرانسیسی صدر عمانوئیل میکخواں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا فرانس، برطانیہ اور جرمنی امریکی صدر کے اقدام پر افسوس کا اظہار کرتا ہے ۔ ایران سے اب ایک نئے اور وسیع معاہدے پر کام کیا جائے گا۔ ترک صدر رجب طیب اردون نے کہا کہ امریکا کا فیصلہ نئے فسادات کو جنم دے گا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیا مین نیتن یاہو نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دلیرانہ اقدام کیا۔ سعودی عرب نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہمشہ خطے میں دہشتگردی اور افرا تفری کی حوصلہ افزائی کی ۔ ادھر سابق امریکی صدر باراک اوباما نے کہا کہ  ڈیل ختم کرنے کا فیصلہ گمراہ کن اور سنگین غلطی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس اور یورپین یونین کی سربراہ فیدریکا موغرینی  نے معاہدے  پر عمل درآمد جاری کرنے پر زور دیا۔