Friday, April 19, 2024

امریکی صدر کے جنگی اختیارات محدود کرنے کیلئے قانون سازی کی تیاری

امریکی صدر کے جنگی اختیارات محدود کرنے کیلئے قانون سازی کی تیاری
January 9, 2020
واشنگٹن ( 92 نیوز ) امریکی صدر کے جنگی اختیارات کو محدود کرنے کیلئے قانون سازی کی تیاری  کر لی گئی ۔ ٹرمپ کو ایران کیخلاف جنگ سے روکنے کیلئے قرارداد پر ایوان نمائندگان میں ووٹنگ آج ہو گی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے ساتھ جنگ کے معاملے پر امریکا میں شدید مخالفت کا سامنا ہے ، مشی گن سے ڈیموکریٹک رکن کانگریس ایلیسا سلوٹکِن کی پیش کردہ ’وار پاورز ریزولوشن‘ پر آج کانگریس میں ووٹنگ ہو گی۔ کانگریس ارکان  کا کہنا ہے کہ وہ اس اقدام کے ساتھ آگے بڑھیں گے کہ صدر ٹرمپ 30 دن کے اندر ایران کے خلاف تمام فوجی کارروائی بند کردیں جب تک کہ کانگریس اس کی منظوری کے لیے ووٹ نہ دے۔ قراردار پیش کرنے کا اعلان کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا ایران کے ساتھ تنازع پر بریفنگ کے دوران ارکان کو حکومتی فیصلوں پر اعتماد میں نہیں لیا گیا جبکہ انہیں اور دیگر ڈیموکریٹس کو موجودہ صورتحال میں ٹرمپ انتظامیہ کی ممکنہ حکمت عملی پر بھی تحفظات ہیں۔ دوسری جانب ایران کیساتھ بڑھتی کشیدگی پر سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو، سیکرٹری دفاع مارک ایسپر، چیئرمین جوائنٹ چیفس مارک ملی اور سی آئی اے ڈائریکٹر جینا ہاسپیل پر مشتمل اعلیٰ سطح وفد نے امریکی ارکان کانگریس اورسینیٹ کو بند کمرہ بریفنگ دی۔ زیادہ ترارکان نے بریفنگ کو پارٹی مؤقف پر ہی پرکھا۔ ڈیموکریٹس نے جنرل سلیمانی پر حملے اور بعد کی صورتحال پر سوالات اٹھا دیے، جبکہ ریپبلکن ارکان نے امریکی حملے کو فیصلہ کن کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی۔ تاہم ریپبلکن سینیٹر مائیک لی، پارٹی مؤقف سے نالاں دکھائی دیے اور وفد کی بریفنگ کو ’’بدترین‘‘ قرار دے دیا۔