Monday, September 16, 2024

امریکی صدر کشیدگی دور کرنے سعودی عرب پہنچ گئے‘ شاہ سلمان سے ملاقات

امریکی صدر کشیدگی دور کرنے سعودی عرب پہنچ گئے‘ شاہ سلمان سے ملاقات
April 20, 2016
ریاض (ویب ڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما اہم دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے جہاں انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی ہے جس میں شام اور یمن کے سیاسی بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی صدر باراک اوباما نے خلیج کونسل برائے تعاون اور امریکا کے درمیان کشیدہ تعلقات کو معمول پر لانے کےلئے کوششیں تیز کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے سعودی دارلحکومت ریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی جس میں شام اور یمن سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے نائن الیون کمیشن رپورٹ سے متعلق سعودی خدشات بھی دور کرنے کی کوشش کی۔ اس سے پہلے امریکی صدرریاض ائیرپورٹ پر پہنچے تو سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ باراک اوباما اپنے دورے کے دوران چھ ملکی خلیجی تعاون کونسل کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ ادھر ریاض ہی میں موجود امریکی وزیردفاع ایش کارٹرنے خلیجی تعاون کونسل کے وزرائے دفاع سے ملاقات کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ امریکاخلیجی تعاون کونسل کے ممالک کی سکیورٹی بہتربنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔