Monday, May 6, 2024

امریکی صدر کا نیٹو اتحادیوں سے نیٹو افواج کی فنڈنگ دوگنی کرنے کا مطالبہ

امریکی صدر کا نیٹو اتحادیوں سے نیٹو افواج کی فنڈنگ دوگنی کرنے کا مطالبہ
July 12, 2018
برسلز (92 نیوز) امریکی صدر ٹرمپ نے نیٹو اتحادیوں سے نیٹو افواج کی فنڈنگ دوگنی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے تجارتی معاملات کے بعد نیٹو افواج کے دفاعی اخراجات میں بھی یورپی ممالک سےبڑا حصہ مانگ لیا۔ ٹرمپ نے برسلز میں مغربی ملکوں کے دفاعی اتحاد نیٹو کے سربراہ اجلاس میں روانگی سے عین قبل نیٹو کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ دفاعی اتحاد کے اخراجات کا بوجھ اٹھائیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ تمام اتحادی ممالک اپنے سالانہ جی ڈی پی کا چار فیصد نیٹو فورس کیلئے صرف کریں۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نیٹو کے رکن ملکوں کو تحفظ دینے کے لیے ان میں سے کسی بھی ملک سے کئی گنا زیادہ رقم خرچ کر رہا ہے جو ٹیکس دینے والے امریکیوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس معاملے کو انتہائی ناانصافی قرار دیا۔ اپنے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے یورپی یونین کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ تجارت میں امریکہ کو 151 ارب ڈالر کا خسارہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمنی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی اپنی توانائی کی ضروریات کی 60 سے 70 فیصد توانائی کی خریداری کے باعث روس کے شکنجے میں ہے اور اس کا مکمل انحصار روس پر ہے ۔