Wednesday, May 8, 2024

امریکی صدر کا محفوظ ذخائر سے تیل جاری کرنیکا اعلان

امریکی صدر کا محفوظ ذخائر سے تیل جاری کرنیکا اعلان
September 16, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز) سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد امریکی صدر نے اپنے محفوظ ذخائر سے تیل جاری کرنے کا اعلان کردیا۔امریکا کے پاس دنیا کے سب سے بڑے تیل کے محفوظ ذخائر ہیں ،  جنہیں اسٹریٹجک پٹرولیم ریزروز کہا جاتا ہے۔ ایس پی آر کو مستقبل میں تیل کی کسی بھی کمی کو پورا کرنے کیلئے بنایا گیا تھا ، جہاں اس وقت 64 کروڑ 48 لاکھ بیرل تیل کے محفوظ ذخائر ہیں جن کی مدد سے گیارہ سال تک تیل کی پیداوار پر پڑنے والے اثرات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ اسٹریٹیجک ریزرو خلیج میکسیکو میں چار سائٹس پر مشتمل کمپلیکس ہے  جس میں ٹیکساس اور لوئزیانا میں موجود ذخائر بھی شامل ہیں ، جو زمین کے نیچے دو سے چار ہزار فٹ گہرائی میں موجود ہیں۔ تیل کے ان محفوظ ذخائر کو استعمال کرنے کا حکم صرف امریکی صدر دے سکتے ہیں ، ملکی تاریخ میں ایسا صرف تین بار ہوا ہے ۔ پہلی بار ان ذخائر کو 1991 میں عراق جنگ کے دوران استعمال کیا گیا تھا۔ ایس پی آر سے نکالا جانے والا تیل عالمی سطح پر تیل کی سپلائی پر فوری اثر نہیں کرتا ، اسے ذخائر سے نکال کر مارکیٹ میں بیچا جاتا ہے جس کے نتیجے میں دو سے تین ہفتوں میں طلب و رسد کا فرق بہتر ہوتا ہے۔