Saturday, April 27, 2024

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے فنڈز روکنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے فنڈز روکنے کا اعلان
April 15, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کی ہینڈلنگ سے نمٹنے میں ناکامی پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی فنڈنگ روکنے کا اعلان کر دیا۔ امریکی صدر نے کورونا ٹیم کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اتنی زیادہ ہلاکتیں ڈبلیو ایچ او کی کوتاہی کی وجہ سے ہوئیں۔ ڈبلیو ایچ او نے اپنی غلطیاں تسلیم نہیں کیں جو کہ بہت زیادہ ہیں۔ صدر ٹرمپ نے انتظامیہ کو احکامات جاری کیے کہ کم از کم عارضی طور پر ہی ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ روکدیں کیونکہ امریکا کی جانب سے دیئے جانے والے فنڈز کا استعمال مناسب طریقے سے نہیں کیا جا رہا۔ امریکی صدر نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او اپنی بنیادی ذمہ داری پوری نہ کر سکا، لہذا اس کا احتساب ہونا چاہیے۔ ڈبلیو ایچ او کا چین کے ساتھ ٹریول بین کی مخالفت کرنا ایک تباہ کن فیصلہ تھا۔ صدر ٹرمپ نے کورونا وبا سے متعلق ادارے پر چین کا ساتھ دینے کا الزام لگایا تھا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینٹی لیٹرز مینوفیکچررز سے ملاقات ہوئی ہے اور امریکا 2 لاکھ وینٹی لیٹرز تیار کر سکتا ہے۔ ایک ماہ میں دوسرے ممالک کو وینٹی لیٹرز مہیا کر سکیں گے۔ امریکا کے پاس آئی سی یو بیڈز دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ہیں۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکی صدر ٹرمپ کے ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ روکنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ڈبلیو ایچ او یا کسی دوسری انسان دوست تنظیم کی فنڈنگ بند کرنے کا  یہ مناسب وقت نہیں۔ یہ وقت کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے مل کر کام کرنے کا ہے۔ وبا کے خاتمے کے بعد اس کے ابھرنے اور پھیلنے کی وجوہات پر نظر ڈالی جائے گی۔