Friday, March 29, 2024

ٹرمپ جلد ہی افغانستان اور عراق سے مزید فوجیوں کی واپسی کا حکم دینگے

ٹرمپ جلد ہی افغانستان اور عراق سے مزید فوجیوں کی واپسی کا حکم دینگے
November 17, 2020

واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ٹرمپ نے  اقتدار چھوڑنے سے پہلے بڑا فیصلہ کر لیا ، جلد ہی افغانستان اور عراق سے مزید فوجیوں کی واپسی کا حکم دیں گے ۔ دوسری جانب نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اقتدار کی منتقلی میں رکاوٹ بننے سے مزید لوگ مر سکتے ہیں۔

صدارتی انتخابات ہارنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ جہاں ایک طرف اپنی ہار تسلیم کرنے سے انکاری ہیں وہاں انہوں نے افغانستان اور عراق سے مزید فوجیوں کی واپسی کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق جنوری 2021 کے وسط تک افغانستان میں موجود پانچ ہزار امریکی فوجیوں کی تعداد کم کر کے ڈھائی ہزار کر دی جائے گی جبکہ عراق سے پانچ سو امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد وہاں موجود فوجیوں کی تعداد 2500 رہ جائے گی۔

صدر ٹرمپ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ کرسمس تک تمام فوجیوں کو وطن واپس لانا چاہتے ہیں۔ انخلا کا یہ منصوبہ جوبائیڈن کے صدر کا حلف اٹھانے سے کچھ دن قبل یعنی 15 جنوری تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

صدر ٹرمپ کے فوجیوں کے انخلا کے اس منصوبے کو ان کے ساتھی ریپبلکن اور سینیٹ کے لیڈر مِچ میکونل کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مچ نے خبردار کیا ہے کہ عسکریت پسندوں کو یہ منصوبہ پسند آئے گا۔

دوسری جانب نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے ولمنگٹن میں پریس بریفنگ  میں کہا کہ جتنی جلدی اختیارات ملیں گے ویکسین کی جلد تقسیم پر کام ہو سکے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا ٹرمپ انتظامیہ کے کورونا وبا، ویکسین اور نیشنل سکیورٹی معاملات پر تعاون میں تاخیر سے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔