Sunday, September 8, 2024

امریکی صدر ڈومور کا مطالبہ چھوڑ کر پاکستان کے خلاف دھمکیوں پر اتر آئے

امریکی صدر ڈومور کا مطالبہ چھوڑ کر پاکستان کے خلاف دھمکیوں پر اتر آئے
August 22, 2017

ورجینیا (92 نیوز) امریکی صدر نے خطاب کے دوران پاکستان کے خلاف خوب زہر اگلا اور ڈومور کا مطالبہ چھوڑ کر دھمکیوں پر اتر آئے۔ کہتے ہیں پاکستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔ بیس کےقریب دہشت گرد گروپوں کے ٹھکانے پاکستان اور افغانستان میں ہیں۔ دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر بتا کر حملہ نہیں کریں گے۔

امریکی صدر نے ورجینیا کے آرلنگٹن فوجی اڈے سے خطاب کے دوران پاکستان کے خلاف خوب زہر اگلا۔ اب ڈومور کا مطالبہ چھوڑ کر دھمکیوں پر اتر آئے۔

ٹرمپ نے الزام لگایا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے اربوں کھربوں ڈالرز ادا کیے لیکن پاکستان اکثر ان افراد کو پناہ دیتا ہے جو افراتفری پھیلاتے ہیں۔

امریکی صدر نے الزام لگایا کہ بیس کے قریب دہشت گرد گروپوں کے ٹھکانے پاکستان اورافغانستان میں ہیں۔ انہوں نےساتھ ہی دھمکی بھی لگائی کہ دہشتگردوں کےمحفوظ ٹھکانوں پراب خاموش نہیں رہیں گے۔ ہم کب حملہ کریں گے، یہ بتائیں گے نہیں بلکہ اب حملہ کریں گے۔

ٹرمپ نے خطاب کے دوران مکھن بھی لگایا اور کہا کہ پاکستانی عوام کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے بہت کچھ سہنا پڑا۔ افغانستان میں ساتھ دینے سے پاکستان کو فائدہ ورنہ دوسری صورت میں نقصان ہوگا۔

امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں اور امریکا نہیں چاہتا ایٹمی ہتھیار دہشت گردوں کے ہاتھ لگیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان میں امریکا کے مفادات واضح ہیں۔ ان پراقتصادی پابندیں لگائیں گے جو دہشت گردی کوبڑھاوادیتے ہیں۔