Monday, September 16, 2024

امریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے خلاف ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں

امریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے خلاف ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں
August 30, 2017

لاہور (92 نیوز) امریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ کئی شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں جبکہ فضا امریکہ مخالف نعروں سے گونج اُٹھی ۔

ہم ہیں پاکستان فورم کے زیر اہتمام پوری پاکستانی قوم یک زبان ہوگئی۔ خود دار پاکستان ریلی نکال کر امریکی دھمکیوں کا بھرپور جواب دیا۔ چیئرنگ کراس سے لاہور پریس کلب تک ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

بھارت امریکہ گٹھ جوڑ اور امریکی صدر ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکیوں کے خلاف گوجرانوالہ میں طلباء و طلبات نے پاکستان زندہ آباد ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکا نے امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

گجرات میں جی پی او ملازمین کی جانب سے ٹرمپ مودی گٹھ جوڑ کے خلاف  احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر امریکہ اور بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔

گھوٹکی میں  بھی پاکستان چوک سے امریکہ اور بھارت مردہ آباد ریلی نکالی گئی جس میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے کارکنوں کے علاوہ سول سوسائٹی کے لوگ بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

کشمور میں ٹاور چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھےجبکہ وہ امریکہ مردہ باد اور پاک فوج زندہ آباد کے نعرے لگاتے رہے۔مظاہرین نے امریکی صدر کا پتلا بھی نظرآتش کیا۔