Friday, April 19, 2024

امریکی صدر ٹرمپ کی لفظی گولہ باری ، امریکی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

امریکی صدر ٹرمپ کی لفظی گولہ باری ، امریکی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی
November 20, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) امریکی صدر ٹرمپ کی لفظی گولہ باری پر پاکستان نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے امریکی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر لیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے احتجاجی مراسلہ امریکی سفیر کے حوالے کیا۔ ٹرمپ کے ٹویٹس پر مایوسی کا اظہار کیا گیا۔ پاکستان کے منہ توڑ جواب پر امریکی انتظامیہ نے بھی وضاحتیں دینا شروع کر دیں۔ ڈائریکٹر پریس آپریشنز پینٹا گون  راب میننگ کہتے ہیں پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کا کلیدی کردارہے۔ پاکستان اور امریکی فوجی تعلقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئے گی۔ امریکی صدر کے بے بنیاد الزمات پر وزیراعظم عمران خان میدان میں آئے اور کھری کھری سنا ڈالیں اور کہا ٹرمپ نے جھوٹ بول کر پاکستان کے زخموں پر نمک چھڑکا۔ وزیراعظم نے امریکی صدر کو پاکستان سے متعلق ریکارڈ درست کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ امریکا کی جنگ میں  بڑا نقصان اٹھایا ، اب وہی کریں گے جو ملک اور قوم کے مفاد میں ہو گا۔ امریکا انہیں قربانی کا بکرا بنانے کے بجائے اپنا محاسبہ کرے۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی بولے مالی نقصان امریکا کی امداد سے کہیں زیادہ ہے۔ حقائق کے منافی بیانات ناقابل فہم اور شرمناک ہیں۔ وزیرمملکت براے داخلہ شہریارآفریدی  اور وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی ٹرمپ کو کرارا جواب دیا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر نے الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان پیسے لے کر بھی ان کے لیے کچھ نہیں کر رہا۔