Tuesday, May 7, 2024

امریکی صدر ٹرمپ نے کورونا امدادی پیکیج مسترد کر دیا

امریکی صدر ٹرمپ نے کورونا امدادی پیکیج مسترد کر دیا
December 23, 2020

واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار چھوڑنے سے پہلے ایک بار پھر لوگوں کو مشکل میں ڈال دیا۔ ٹرمپ نے کورونا امدادی پیکیج مسترد کر دیا۔

صدر ٹرمپ نے ٹویٹر پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کانگریس اور سینٹ کا پاس کردہ امدادی بل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جو بل یہ میرے ڈیسک پر واپس بھیجنے کا ارادہ کر رہے ہیں یہ اس سے مختلف ہے جس کی امید کی گئی تھی۔ یہ واقعی بہت شرمناک ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کانگریس اس بل میں ہر فرد کے لیے چھ سو ڈالر کی رقم بڑھا کر دو ہزار ڈالر یا جوڑوں کے لیے چار ہزار ڈالر تک کرے۔

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ریپبلکنز نے مذاکرات کے دوران نہیں کہا کہ ٹرمپ ڈائریکٹ چیکس میں کتنی رقم چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے ڈیموکریٹس سٹمیولس چیکس کی رقم دو ہزار ڈالر کرنے پر ایوان میں ووٹ دیں گے۔

دوسری جانب امریکی نومنتخب صدر جوبائیڈن نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد کانگریس کو ایک اور ریلیف پیکج کی منظوری کا کہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کانگریس کا کورونا امدادی پیکج کی منظوری پر دو طرفہ اتفاق قابل ستائش ہے۔