Friday, April 19, 2024

امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے مابین آج دو ملاقاتیں ہوں گی

امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے مابین آج دو ملاقاتیں ہوں گی
July 22, 2019
واشنگٹن ( روزنامہ 92 نیوز) صدر ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان آج دو ملاقاتیں ہوں گی ۔ ایک وفد کیساتھ اور دوسری ون ٹو ون ہوگی ۔ شیڈول کے مطابق صدر ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات پاکستان کے وقت کے مطابق رات 8.45 منٹ پر ہو گی ۔ عمران خان پاکستانی لباس شلوار قمیض پہن کر وائٹ ہاؤس جائیں گے ، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان کا استقبال کریں گے  ، پاکستان کی ملٹری اسٹیبلشمنٹ ، خفیہ ایجنسیوں و محکمہ خارجہ کے عہدیداران اور وفاقی وزرا بھی ان کے ساتھ ہوں گے ۔ عمران خان تین گھنٹے سے زائد وقت صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ ملاقاتوں میں گزاریں گے  ،  صدر ٹرمپ ورکنگ لنچ کے دوران بھی عمران خان کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے  ،  ڈونلڈ ٹرمپ عمران خان کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کرائیں گے ۔

وزیر اعظم پاکستانی بزنس کونسل سے بھی ملاقات کرینگے

عمران خان یو ایس پاکستانی بزنس کونسل سے ملاقات کریں گے اور امریکی میڈیا کو انٹرویو بھی دیں گے  ، وزیراعظم کی 23 جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی ،  بعدازاں وزیراعظم امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب کریں گے ، پھر امریکی صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے ،23 جولائی کو ہی وزیراعظم ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات کریں گے ۔

وزیر اعظم پاکستان کو بریفنگ بھی دی جائے گی

معتبر ذرائع کا کہنا ہے سب کی نظریں دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ون ٹو ون ملاقات پر لگی ہیں  ، پاکستان کی ملٹری قیادت اورسفارتکار عمران خان کو بریفنگ دے رہے ہیں کہ کون سے ایشوز پر صدر ٹرمپ گفتگو کر سکتے ہیں اور اس موقع پر انہیں کیا پالیسی اختیار کرنا ہو گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے صدر ٹرمپ عمران خان سے ون ٹو ون ملاقات میں کچھ اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کرنا چاہتے ہیں ،ذرائع کا کہنا ہے افغانستان ، سی پیک، ایران اور بھارت سے جڑے ایشوز پر صدر ٹرمپ عمران خان سے کمٹمنٹ چاہتے ہیں ۔

امریکا پاکستان کی معیشت کو سنبھالا دینے میں کردار ادا کر سکتا ہے

ماہرین کا کہنا ہے دو رہنماؤں کے درمیان اگر ون ٹو ون ملاقات کامیاب رہی تو پھر امریکہ عالمی مالیاتی اداروں کے ذریعے پاکستان کی اکانومی کو بیلنس کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور پاکستان پر ایف اے ٹی ایف کی لٹکی ہوئی تلوار کو بھی ہٹا دیا جائے گا  ، صدر ٹرمپ ہر صورت 2020 الیکشن جیتنا چاہتے ہیں اور انکی جیت میں پاکستان اہم کردار ادا کر سکتاہے ۔

بھارتی سفارتخانہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا

واشنگٹن میں عمران خان کے دورے کو ناکام بنانے کیلئے بھارتی سفارتخانہ ایک بار پھر اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آیا ہے  ، پاکستان مخالف پختونوں اور ایم کیو ایم لندن کو خصوصی ٹاسک سونپ دئیے گے ہیں ، اب یہ جماعتیں مسلم لیگ نواز کیساتھ ملکر عمران خان کیخلاف احتجاجی مظاہرے کرینگی ۔ان جماعتوں نے بظاہر تو یہ موقف اختیار کیا ہے کہ وہ ملک میں بڑھتی مہنگائی کیخلاف مظاہرے کر رہی ہیں لیکن اندرون خانہ انکے عزائم کچھ اور ہیں ۔ گزشتہ رات عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے محب وطن پختون کمیونٹی آف نارتھ امریکہ کے زیر اہتمام تمام ریاستوں سے آئے مہمانوں کے اعزاز میں ڈنر اور محفل موسیقی کا اہتمام کیا گیا  ،اس موقع پر سینکڑوں پختونوں نے اعلان کیا کہ عمران خان کیخلاف مظاہرے کرنے والے ملک دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، ایسے لوگوں کا ملکر محاسبہ کرنا ہو گا۔