Saturday, May 18, 2024

امریکی صدر نے گولان کی پہاڑیوں کو اسرائیل کا حصہ قرار دے دیا

امریکی صدر نے گولان کی پہاڑیوں کو اسرائیل کا حصہ قرار دے دیا
March 22, 2019

 واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا ایک اور متنازعہ فیصلہ سامنے آ گیا جس میں اسرائیل کے زیر قبضہ شامی پہاڑیوں پر اسرائیلی خود مختاری تسلیم کر لی۔

 صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ  امریکہ گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی خود مختاری تسلیم کرتا ہے۔ ٹوئٹر پرایک پیغام میں انہوں نے کہا یہ علاقہ اسرائیلی ریاست کی سکیورٹی اور علاقائی استحکام کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔

ٹرمپ کے اعلان پر اسرائیل خوشی سے پھولے نہیں سما رہا۔ اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا ہے ایک ایسے وقت میں جب ایران شام کوپلیٹ فارم بنا کر اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتا ہے، صدر ٹرمپ نے دلیری کا مظاہرہ کیا، نیتن یاہو کے مطابق یہ ٹرمپ کا تاریخی اقدام ہے۔

دوسری جانب عرب لیگ، یورپی یونین اور روس نےامریکی صدر کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے۔ عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابولغیث کہتے ہیں گولان پر شام کا حق ہے جبکہ یورپی یونین کا کہنا ہے وہ گولان کو اسرائیل کا حصہ نہیں سمجھتے۔

گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی قبضے کو ساری دنیا ناجائز قرار دے چکی ہے اور اقوام متحدہ کی امن فوج بھی وہاں تعینات ہے۔