Saturday, May 11, 2024

امریکی صدر نے کورونا سے ایک لاکھ افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کردیا

امریکی صدر نے کورونا سے ایک لاکھ افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کردیا
April 11, 2020

واشنگٹن ( 92 نیوز) امریکا میں صورتحال سنگین سے سنگین تر ہو گئی ،  ایک ہی روز میں دو ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہو ئیں ، متاثرین کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ سے بڑھ گئی ، امریکی  صدر ٹرمپ نے وائرس سے ایک لاکھ افراد کے ہلاک ہونے  کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

امریکا  کیلئے کورونا کے حوالے سے خوفناک ترین دن  ہے ، ایک روز میں دو ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں ، چوبیس گھنٹوں میں 33 ہزار سے زائد کیس سامنے آئے ، امریکا میں  متاثرین کی تعداد پانچ لاکھ سے بھی بڑھ چکی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں کورونا سے ایک لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے ، ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے امریکا اس وقت وائرس سے انفیکشن کی بلند ترین سطح پر ہے۔  سماجی دوری اور گھروں میں ٹھہرنے سے وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں بہتری آئی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ معیشت کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ سخت فیصلوں میں سے ایک ہوگا اور مجھے امید ہے کہ فیصلہ امریکا اور عوام کےلیے درست ہوگا۔ انہوں نے کہا وہ صدارتی انتخابات سے قبل معیشت کو دوبارہ چلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ سے متعلق اعلان آئندہ ہفتے کروں گا۔ امریکا عالمی ادارہ صحت کو سالانہ تقریباً 50  کروڑ ڈالر امداد دے رہا ہے۔

ٹرمپ ڈبلیو ایچ او پر کورونا کے حقائق چھپا نے کی وجہ سے امداد میں کٹوتی کی دھمکی دے چکے ہیں۔