Friday, March 29, 2024

امریکی صدر نے پینٹاگون کے اختیارات محدود کر دیے

امریکی صدر نے پینٹاگون کے اختیارات محدود کر دیے
March 9, 2021

واشنگٹن (92 نیوز)امریکی صدر نے پینٹا گون کے اختیارات محدود کر دیے ، کمانڈو آپریشن اور ڈرون حملے وائٹ ہاؤس کی اجازت سے مشروط کر دیے ۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈرون پالیسی میں تبدیلی کردی، اب پینٹاگون اپنے لامحدود اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بغیراجازت کے ڈرون حملے نہیں کرسکے گا، امریکی میڈیا کے مطابق صدر بائیڈن نے حلف اٹھاتے ہی جنگ زدہ ممالک سے باہر ڈرون حملوں پر خفیہ طور پر پابندی لگا دی تھی جسے میڈیا پر اب لایا گیا ہے۔

افغانستان،شام اور عراق کے علاوہ پینٹاگون اب صدرکی اجازت کے بغیر کہیں بھی ڈرون حملہ اور کمانڈو ایکشن نہیں کرسکے گا۔ڈرون پالیسی پینٹاگون کی بجائے اب وائٹ ہاؤس سے جاری ہوگی۔

 ترجمان پینٹاگون جان کربی نے کہا کہ ایسے علاقے جہاں امریکی فوج توموجود ہے لیکن جنگ نہیں ہو رہی تو ایسی جگہوں پر ڈرون حملوں کو روک دیا گیا ہے۔

جان کربی کا کہنا ہے کہ یہ پابندی مستقل نہیں لگائی جارہی، اور نہ ہی اس کا مطلب یہ ہے کہ اب ڈرون حملے نہیں ہوں گے، بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ انتہا پسندوں کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔اس سے قبل سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صومالیہ اور دیگر ممالک میں بھی امریکی فوج کو ڈرون حملوں کی اجازت دے رکھی تھی۔

امریکی میڈیا کے مطابق جنگ زدہ ممالک کے باہر امریکی فوج کے کمانڈوآپریشنز اور ڈرون حملوں میں معصوم افراد کی ہلاکت کی شرح زیادہ ہے جس پر عالمی اداروں کی جانب سے تنقید بھی کی جارہی ہے، اسی وجہ سے صدر بائیڈن نے اپنی دفاعی اور خارجہ پالیسی میں غیر معمولی تبدیلی کی ہے۔