Saturday, April 20, 2024

امریکی صدر نے مزید چینی قونصل خانے بند کرنیکی دھمکی دیدی

امریکی صدر نے مزید چینی قونصل خانے بند کرنیکی دھمکی دیدی
July 23, 2020

واشنگٹن ( 92 نیوز) امریکی صدر  ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں موجود مزید چینی قونصل خانے بند کرنے کی دھمکی دے دی، چین نے بھی سخت رد عمل دینے کا اعلان کردیا۔

امریکا اپنی بین الاقوامی طاقت میں کمی کا غصہ   ابھرتی ہوئی عالمی طاقت چین پر نکالنے لگا، تجارتی اختلافات کے بعد کورونا وبا کی روک تھام پر جنم لینے والے تنازع نے سفارتی تناؤ کو ہوا دے دی۔

امریکا نے ہیوسٹن میں قائم چینی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا  کہ اس فیصلے پر چینی سیاسی اقدامات نے اکسایا ہے ، امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگس کا کہنا تھا کہ چینی قونصل خانے کو بند کرنے کا مقصد ملکی انٹیلیکچؤل پراپرٹی اورامریکیوں کی نجی معلومات کی حفاظت ہے۔

مورگن اورٹیگس نے مزید کہا کہ چین کی غیرمنصفانہ تجارتی پالیسیوں، امریکی نوکریوں کی چوری اور دوسرے قابلِ مذمت رویے کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ہیوسٹن قونصلیٹ بند کرنے کے حکم پر چینی وزارت خارجہ نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکی اقدام جارحیت میں غیرمعمولی اضافہ اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

چین نے مطالبہ کیا کہ امریکا اپنا غلط فیصلہ فوری واپس لے ورنہ چین بھی سخت رد عمل دے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں موجود مزید چینی قونصل خانے بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے ، ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مزید قونصل خانوں کو بند کرنا ہمیشہ ممکن ہے۔

واضح رہے کہ واشنگٹن میں موجود چینی سفارت خانے کے علاوہ امریکا میں 5 چینی قونصل خانے موجود ہیں۔