Monday, May 13, 2024

امریکی صدر نے بیروت دھماکوں کو خوفناک حملہ قرار دیدیا

امریکی صدر نے بیروت دھماکوں کو خوفناک حملہ قرار دیدیا
August 5, 2020

واشنگٹن ( 92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیروت دھماکوں کو خوفناک حملہ قرار دے دیا، کہا کہ امریکی جرنیلوں کی رائے کے مطابق یہ حادثہ نہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیروت دھماکوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ  بیروت میں ہونیوالے دھماکے خوفناک حملہ ہیں ، امریکی جرنیلوں کی رائے میں  یہ دھماکے حادثاتی طور پر نہیں ہوئے  ، ممکنہ طورپر بم حملہ تھا۔

امریکا، ترکی، ایران،قطر، برطانیہ  اور فرانس نے لبنان کی  ہرممکن مدد کااعلان کیا ہے، سعودی عرب نے بھی لبنان کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ روز  لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ پر اسلحہ کے گودام میں دو دھماکے ہوئے  تھے ،   خوفناک دھماکوں میں  78 افراد جاں بحق جب کہ چار ہزار سے زائد زخمی ہو گئے ۔

  بیروت کی بندرگارہ پر اسلحہ کے گودام میں ہونیوالے دو دھماکے  اس قدر خوفناک تھے کہ  کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں ، گاڑیاں تباہ ہو گئیں، حکومتی محل گرینڈ سی ریل کو بھی نقصان پہنچا اور عملے کے کئی ارکان زخمی ہوئے ۔

 پہلا دھماکہ بندرگاہ پر واقع گودام میں مقامی وقت کے مطابق 6 بجے ہوا، چند ہی منٹ بعد دوسرا خوفناک دھماکا ہو گیا جس سے پورا شہر لرز اٹھا، عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، بندرگاہ پر کھڑی کشتیاں تباہ ہو گئیں، سڑکوں پر چلتی گاڑیاں الٹ گئیں، شہر میں ہر طرف چیخ و پکار سنائی دینے لگی ۔

دھماکوں سے لبنانی ایوان وزیراعظم ’گرینڈ سی ریل‘ کو بھی نقصان پہنچا ، حکومتی محل کے دروازے اکھڑ گئے، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، عملے کے کئی ارکان زخمی بھی ہوئے۔

لبنانی حکام کے مطابق گودام میں 2750 ٹن امونیم نائٹریٹ رکھی گئی تھی جو 2014 سے وہاں موجود تھی۔لبنان کی سپریم دفاعی کونسل نے بیروت کو آفت زدہ قرار دے دیا۔

صدر میشیل عون نے بیروت میں 14 روزہ ایمرجنسی کی تجویز پیش کردی،لبنانی وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں یقین دلایا کہ اس تباہ کن سانحہ کو بلا احتساب گزرنے نہیں دیا جائے گا اور اس کے ذمہ داروں کو قیمت چکانا پڑے گی۔