Saturday, May 4, 2024

امریکی صدر نے بھی افغان امن معاہدہ کی باقاعدہ تصدیق کردی

امریکی صدر نے بھی افغان امن معاہدہ کی باقاعدہ تصدیق کردی
February 29, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) افغانستان میں امریکی جنگ خاتمے کی جانب بڑھنے لگی۔ امریکی صدر نے بھی افغان امن معاہدہ کی باقاعدہ تصدیق کردی۔ فریقین کی جانب سے معاہدے پر باضابطہ دستخط آج کئے جائیں گے۔ دوحہ میں منعقدہ تقریب میں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو بھی شرکت کریں گے۔ افغانستان میں امن لوٹنے کی کہانی، ڈونلڈ ٹرمپ کی زبانی۔ امریکی صدر نے افغان امن معاہدے پر آج دستخط ہو جانے کی نوید سناتے ہوئے مجوزہ معاہدے کو امن کی ضمانت قرار دے دیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے کہا کہ اگر طالبان اور افغان حکومت نے اپنے وعدے نبھائے تو افغانستان میں جنگ کے خاتمے کی قوی امید پیدا ہوجائے گی اور امریکا اپنے فوجیوں کو افغان سرزمین سے واپس بلا لے گا۔ انہوں نے افغان عوام پر زور دیا کہ وہ نئے مستقبل اور امن کے اس قیمتی موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ افغان امن معاہدہ افغانستان میں دیر پا امن کی ضمانت ہوگا۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری صدارتی بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو دوحہ میں امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ وزیر دفاع مارک ایسپر افغان حکومت کے ساتھ مشترکہ اعلامیہ جاری کریں گے۔