Thursday, April 25, 2024

امریکی صدر دورہ بھارت میں ثالثی کی پیشکش کو عملی جامہ پہنائیں ، پاکستان کا مطالبہ

امریکی صدر دورہ بھارت میں ثالثی کی پیشکش کو عملی جامہ پہنائیں ، پاکستان کا مطالبہ
February 21, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے امید ظاہر کی کہ امریکی صدر دورہ بھارت میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں مشکلات کے خاتمے پر بات کریں گے، ثالثی کی پیشکش کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال، کرفیو، لاک ڈاون اور قابض بھارتی فورسز کے مظالم کی شدید مذمت  کی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے مسئلہ کے حل پر زور دیا۔ مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال پر تحفظات کا اظہار، انسانی حقوق کے احترام کا مطالبہ کیا ۔ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ امریکی صدر دورہ بھارت میں مقبوضہ جموں و کشمیرکا معاملہ اٹھائیں گے ۔ ترجمان نے کہا پاکستانی سفارتخانہ بیجنگ کی دو رکنی خصوصی ٹاسک فورس کرونا وائرس سے متاثرہ ووہان شہر میں موجود ہے۔ سات جماعات کا دورہ کر چکی اور پاکستانی طلبہ سے مسلسل رابطے میں ہے۔ وزارت خارجہ نے سعودی عرب سے پاکستانیوں کی جبری بے دخلی کی رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیا۔ پاکستان نے بھارتی حکومت سے سانحہ سمجھوتہ ایکسپرس کے متاثرین کو فوری انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستانیوں کی شام میں ہلاکتوں کی رپورٹس پر کہا کہ دمشق میں سفارتی مشن تصدیق کیلئے کوشاں ہے۔