Thursday, March 28, 2024

امریکی صدر باراک اوباما کی جانب سے مغویوں کی رہائی کیلئے اغواکاروں سے معاملات طے کرنے سے متعلق امریکی پالیسی میں اصلاحات کا حکم

امریکی صدر باراک اوباما کی جانب سے مغویوں کی رہائی کیلئے اغواکاروں سے معاملات طے کرنے سے متعلق امریکی پالیسی میں اصلاحات کا حکم
June 25, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے مغویوں کی رہائی کے لیے اغواکاروں کے ساتھ معاملات طے کرنے کے حوالے سے امریکی پالیسی میں وسیع تر اصلاحات کے احکامات جاری کیے ہیں۔ امریکی صدر باراک اوباما نے وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان خاندانوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی نہیں کرے گی جو مغویوں کی رہائی کے لیے اغواکاروں کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کرتے ہیں یا اپنے اہل خانہ کی رہائی کے لیے تاوان کی ادائیگی کرتے ہیں۔ صدر اوباما نے اس حوالے سے امریکی پالیسی کو نرم کرنے کا عندیہ دیا لیکن وہائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش آرنسٹ کا کہنا ہے کہ صدر اوباما اغواکاروں کو کوئی رعایت دینے کی پالیسی میں تبدیلی نہیں کریں گے۔ گزشتہ برس مشرق وسطیٰ میں کئی امریکی مغویوں کو قتل کردیا گیا۔ چند یورپی ممالک کے مقابلے میں امریکہ اغوا کاروں کو کوئی رعایت دینے کو تیار نہیں اور سختی سے تاوان کی ادائیگی کے خلاف پالیسی پر کاربند ہے تاکہ تاوان کی رقم اغوا کی مزید حوصلہ افزائی اور مسلح جنگجوؤں کے وسائل میں اضافے کا باعث نہ بنے۔