Friday, May 17, 2024

امریکی صدارتی انتخابات کی گہما گہمی آخری حدوں کو چھونے لگی

امریکی صدارتی انتخابات کی گہما گہمی آخری حدوں کو چھونے لگی
November 1, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدارتی انتخابات کی گہما گہمی آخری حدوں کو چھونے لگی، پیشگی ووٹنگ میں 8 کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائےدہی استعمال کرچکے، ری پبلکن امیدوار ٹرمپ اور ان کے ڈیموکریٹس حریف جوبائیڈن فیصلہ کن ریاستوں میں بھرپور انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ رہے گا ٹرمپ کا راج برقرار یا جوبائیڈن ہوں گے برسراقتدار، بس دو دن کا ہے مزید انتظار ہے۔ امریکا میں صدارتی الیکشن تین نومبر کو ہوگا۔ امریکا کی مختلف ریاستوں میں پیشگی ووٹنگ کیلئے لائنیں لگ گئیں۔ اب تک 8 کروڑ 35لاکھ امریکی اپنا حق رائے دہی استعمال کرچکے ہیں۔ انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں ٹرمپ اور جوبائیڈن کی سخت معرکے والی ریاستوں پر بھرپور توجہ ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آخری چاروں ریلیاں سوئنگ اسٹیٹ پینسلوینیا میں ترتیب دی گئی ہیں۔ جہاں وہ جوبائیڈن پر خوب لفظی گولہ باری کررہے ہیں۔ ٹرمپ کہتے ہیں جوبائیڈن کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے اس لیے وہ بس کورونا کورونا کرتے رہتے ہیں، ٹرمپ نے اپنے بارے میں پیش گوئی کی کہ آئندہ الیکشن بھی وہ ہی جیتنے والے ہیں۔ دوسری جانب جوبائیڈن نے ٹرمپ کو پیوٹن کا پالتو اور نیٹو کا جوکر قرار دے دیا کہا امریکی صدر کورونا پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہو گئے یہ وبا ٹرمپ کے جانے سے ہی جاسکتی ہے۔