Saturday, April 20, 2024

امریکی شہری سنتھیا رچی کیخلاف اندراج مقدمہ درخواست کی سماعت، فیصلہ محفوظ

امریکی شہری سنتھیا رچی کیخلاف اندراج مقدمہ درخواست کی سماعت، فیصلہ محفوظ
June 13, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد کی عدالت نے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ مقدمہ درج ہوگا یا نہیں، فیصلہ 15 جون کو سنایا جائیگا، ایف آئی اے، پی ٹی اے اور سنتھیا رچی کے وکیل نے درخواست مسترد کرنے کی استدعا کردی۔ امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف اندارج مقدمہ کی درخواست ایڈیشنل سیشن جج محمد جہانگیر اعوان نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے سنتھیا ڈی رچی کے متنازعہ ٹوئٹ عدالت میں پیش کیے۔ موقف اپنایا کہ ریاست کے پاس نازیبا ٹویٹ پر کارروائی کا اختیار ہے، قائداعظم یا علامہ اقبال کی شان میں کوئی گستاخی کرتا ہے تو کارروائی کون کریگا۔ سوال اٹھایا کہ جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس میں دہشت گردی کی دفعات کیسے لگا دی گئیں؟، اس کیس میں تو درخواست گزار خود ملزم ہے۔ فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے لواحقین موجود ہیں وہ خود درخواست دائر کیوں نہیں کرتے؟، جس پر وکیل ریاست علی آزاد نے کہا کہ درخواست گزار پاکستان پیپلز پارٹی اسلام آباد کا صدر ہے اور بلاول بھٹو اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔ ایف آئی اے، پی ٹی اے اور سنتھیا رچی کے وکیل نے درخواست مسترد کرنے کی  استدعا کردی۔ ناصر عظیم خان ایڈووکیٹ نے بے نظیر بھٹو سے متعلق عدالت میں پیش کیا گیا ٹویٹ جعلی قرار دے دیا۔ دلائل دئیے کہ اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں کہ مقدمے کے اندراج کی درخواست میں ملزم کو نہیں سنا جا سکتا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا قانون کے مطابق صرف متعلقہ شکایت کنندہ کی درخواست پر ہی کارروائی کے پابند ہیں۔ نمائندہ پی ٹی اے نے کہا کہ مقدمے کے اندراج کی درخواست سے ہمارا کوئی تعلق نہیں بنتا۔ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد کی عدالت نے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر پولیس کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔