Saturday, April 27, 2024

امریکی سینیٹرز کا سعودی عرب کیساتھ سول ایٹمی مذاکرات منسوخ کرنے کا مطالبہ

امریکی سینیٹرز کا سعودی عرب کیساتھ سول ایٹمی مذاکرات منسوخ کرنے کا مطالبہ
November 1, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کے معاملے پر پانچ امریکی سینیٹرز نے سعودی عرب کیساتھ سول ایٹمی مذاکرات منسوخ کرنے کیلئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھ دیا۔ ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹی کے پانچ سینیٹرز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام خط لکھا۔ خط میں کہا گیا کہ انہیں شروع سے سعودی عرب کیساتھ سول ایٹمی مذاکرات پر شدید تحفظات تھے جو جمال خشوگی کے قتل کے بعد مزید بڑھ گئے ہیں۔ خط میں امریکی صدر سے درخواست کی گئی کہ وہ مجوزہ معاہدہ منسوخ کر دیں ورنہ اِسے روکنے کیلئے اٹامک انرجی ایکٹ استعمال کریں گے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سعودی  قیادت نے انہیں دھوکا نہیں دیا اور امید ہے یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔ دوسری جانب سعودی عرب کے سابق وزیر انٹیلی جنس شہزادہ ترکی بن فیصل السعود نے واشنگٹن میں نیشنل کونسل امریکا عرب تعلقات سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمال خشوگی قتل کیس پر امریکا میں شور شرابے سے امریکا سعودی عرب تعلقات کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، امریکا کیساتھ سٹریٹیجک تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اسے برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ امید ہے امریکا بھی مثبت رویہ اپنائے گا۔ ادھر استنبول کے چیف پراسیکوٹر جنرل عرفان فیدان نے بیان جاری کیا جس میں کہاجمال خشوگی کو قونصل خانے میں داخل ہوتے ہی گلا دبا کر قتل کیا گیا جس کے بعد اُن کی لاش کے ٹکرے ٹکرے کیے گئے۔ چیف پراسکیورٹر جنرل کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کی ٹیم سے جمال خشوگی کی لاش سے متعلق سوالات کیے گئے جن کا وہ تسلی بخش جواب نہیں دے سکے۔