Friday, April 26, 2024

امریکی سینیٹ میں پاکستان کیلئے 80 کروڑ ڈالر کی مشروط دفاعی امداد منظور

امریکی سینیٹ میں پاکستان کیلئے 80 کروڑ ڈالر کی مشروط دفاعی امداد منظور
May 25, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں تناو¿ بڑھنے لگا۔ ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کی مد میں دی جانے والی امداد کے بعد پاکستان کی تیس کروڑ ڈالر کی امداد کیلئے شرائط مزید سخت کرنے کا بل امریکی سینیٹ میں پیش کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکا اور پاکستان کے تعلقات کی گاڑی پٹڑی سے اترنے لگی۔ امریکا نے پہلے پاکستان کو ایف سولہ دینے سے انکار کر دیا اب دی جانے والی امداد پر شرائط سخت سے سخت کرتا جا رہا ہے۔ ا مریکی سینیٹ نے پاکستان کےلئے 80 کروڑ ڈالر دفاعی امداد کی منظوری دی تاہم اس میں سے 30 کروڑ ڈالر حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی سے مشروط کر دیے گئے۔ پاکستان کی دفاعی امداد کےلئے امریکی فوج کی رسد کے راستے کھولنے کی بھی شرط رکھ دی گئی ہے۔ اب پاکستان کو تیس کروڑ ڈالر کی امداد کیلئے سخت شرائط کا بل امریکی سینیٹ میں پیش کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیردفاع یقین دلائیں کہ پاکستان حقانی نیٹ ورک کےخلاف کارروائی کر رہا ہے۔ اس سے قبل امریکی ایوان نمائندگان نے پاکستان کی پینتالیس کروڑ ڈالر امداد کیلئے شرائط مزید سخت کرنے کا بل منظورکیا تھا اور پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کیلئے دی جانے والی امداد بھی ختم کر دی تھی۔