Thursday, March 28, 2024

امریکی سینیٹ نے بریٹ کیواناح کی بطور سپریم کورٹ کے جج کے نامزدگی کی توثیق کر دی

امریکی سینیٹ نے بریٹ کیواناح کی بطور سپریم کورٹ کے جج کے نامزدگی کی توثیق کر دی
October 7, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی سینیٹ نے بریٹ کیواناح کی سپریم کورٹ کے جج کے طور پر نامزدگی کی توثیق کر دی جس کے بعد کیواناح نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ متنازع جج کے حق میں پچاس اور مخالفت میں اڑتالیس ووٹ پڑے۔ جج کیواناح  پر کرسٹیِن فورڈ بلاسی سمیت تین خواتین نے  زمانہ طالبعلمی میں اُنہیں جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد صدر ٹرمپ  اور  کیواناح پر نامزدگی واپس لینے کیلئے دباؤ بڑھنے لگا تھا۔ سینیٹ میں ووٹنگ کے وقت ہزاروں افراد کیپیٹل ہِل کے باہر جمع تھے جنہوں نے توثیق کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔ اس دوران پولیس نے  متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ کشیدہ صورتحال کے باعث جج کیواناح کو خفیہ راستے سے سپریم کورٹ پہنچایا گیا جہاں انہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ دوسری جانب امریکی صدرٹرمپ نے کیواناح کی نامزدگی پر توثیق کرنے پر سینیٹ کو مبارکباد پیش کی۔ 53 سالہ بریٹ کیوانا سپریم کورٹ کےتاحیات جج کے طورپر فرائض انجام دیں گے۔ اُن کی تعیناتی کے بعد سپریم کورٹ میں کنزرویٹو ججز کو اکثریت حاصل ہو گئی۔