Friday, May 3, 2024

نائن الیون حملے‘ امریکی سینیٹ میں سعودی عرب پر مقدمات درج کرانے کا بل منظور

نائن الیون حملے‘ امریکی سینیٹ میں سعودی عرب پر مقدمات درج کرانے کا بل منظور
May 17, 2016

واشنگٹن (ویب ڈیسک)نائن الیون حملوں کے مقدمات سعودی عرب پر درج ہونگے۔ امریکی ایوان بالا نے بل کی منظوری دیدی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی سینیٹ نے ایک بل پاس کیا ہے جس کے مطابق نائن الیون حملے کے متاثرین اپنے نقصانات کے ازالے کیلئے سعودی عرب پر مقدمات درج کرا سکتے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق سعودی عرب امریکا میں 2011ءمیں ہونے والے تباہ کن حملوں کی تردید کرتا آیا ہے۔ سعودی عرب نے اس بل کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر یہ بل قانون بن جاتا ہے تو وہ جواب میں امریکا میں اپنے تمام اثاثے فروخت کر ڈالے گا۔ خیال رہے کہ سعودی عرب کے اس وقت امریکا میں 750 بلین ڈالر کے اثاثے ہیں۔

امریکی سینیٹ نے اس قانون کو ”جسٹس اگینسٹ سپانسرز آف ٹیررازم ایکٹ“ کا نام دیا ہے۔ اس بل کو اگلے مرحلے میں امریکی ہاﺅس آف ری پریزنٹیٹو میں پیش کیا جائے گا جہاں اس پر رائے شماری ہو گی۔ اگر یہ قانون بن جاتا ہے تو پھر امریکا پر حملے میں ملوث حکومتوں اور ملکوں کیخلاف مقدمات درج ہو سکیں گے۔

قانون کے مطابق حملوں کے متاثرین کو اجازت ہو گی کہ وہ اپنے نقصانات کا ازالہ دوسرے ملکوں سے مانگ سکیں۔ اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس بل کو ہاﺅس آف ری پریزنٹیٹو میں ویٹو کر دیا جائے گا۔