Saturday, September 21, 2024

امریکی سینٹ کام کے چیف کی اسحاق ڈاراورخواجہ آصف سے ملاقات ،اہم امور پر تبادلہ خیال

امریکی سینٹ کام کے چیف کی اسحاق ڈاراورخواجہ آصف سے ملاقات ،اہم امور پر تبادلہ خیال
January 16, 2017
اسلام آباد(92نیوز)امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹل نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بھی ملاقات میں موجود تھے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔ تفصیلات کےمطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان سیاسی اور عسکری تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ نے پاکستان کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ کو ختم کرنے کے لیے آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں ، حکومت جنگ سے متاثر افراد کی بحالی کے لیے بھر پور اقدامات کررہی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔ افغانستان میں قیام امن کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے افغانستان میں امن سے افغان مہاجرین کی واپسی میں بھی مدد ملے گی۔ افغانستان کے ساتھ بارڈر منیجمنٹ بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹیل نے کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتا ہے پاکستان اور امریکہ کے درمیان عسکری تعاون کو مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے سی پیک سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات پڑیں گے۔