Sunday, September 8, 2024

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات، افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے گفتگو

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات، افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے گفتگو
March 24, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ امریکہ کے دورے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ حکومت پاکستان کی خواہش ہے کہ امریکہ کیساتھ اقتصادی رابطوں کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کے نتیجے میں تعلقات میں بہتری کی نشاندہی ہوئی ہے اور تعلقات میں بہتری کیلئے نئے اہداف مقرر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں استحکام، امن اور ترقی میں اہم سٹیک ہولڈر ہے اور افغان گروپوں میں مصالحت کیلئے پرخلوص کوششیں کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ نیوکلئیر سمٹ کے موقع پر امریکی صدر سے ملاقات میں باہمی تعلقات پر مزید تبادلہ خیال ہو گا۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چار فریقی مذاکرات اور دیگر کوششوں سے افغانستان میں قیام امن میں مدد ملے گی۔ پرامن افغانستان پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کیلئے مفید ہے۔