Sunday, May 19, 2024

امریکی سفارتکار کی گاڑی سے شہری کی ہلاکت ، عتیق کے والد کی دیت لینے سے تردید

امریکی سفارتکار کی گاڑی سے شہری کی ہلاکت ، عتیق کے والد کی دیت لینے سے تردید
May 15, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے عتیق کے والد نے کرنل جوزف کے معاملے میں صلح ہونے یا دیت کی رقم لینے کی تردید کر دی۔ امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق شہری عتیق کے والد ادریس بیگ نے کہا کہ کرنل جوزف کے معاملے پر امریکی ایمبیسی سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ ہماری بات چیت اپنی حکومت کے ساتھ چل رہی ہے۔ معاملہ اللہ کی ذات پر چھوڑ دیا ہے ۔ ادریس بیگ نے بتایا کہ معاملے کے آغاز میں امریکا کی جانب سے ورثا کو 40 لاکھ روپے اور ایک بچے کو نوکری کی پیشکش کی گئی تھی لیکن ہم نے پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق ادریس بیگ کو یہ پیشکش امریکی سفارت خانے کی جانب سے حادثے کے چوتھے دن کی گئی تھی تاہم لواحقین نے دیت لینے سے انکار کر دیا تھا ۔ ادھر مختلف چینلز کے ذریعے عتیق کے ورثا سے صلح کی کوششیں جاری رہیں۔ دوسری جانب پولیس نے صلح کی خبر پر حیرانگی کا اظہار کیا۔ پولیس حکام کیمطابق دیت اور صلح کے معاملے پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا ۔ میڈیا سے علم ہوا کہ کرنل جوزف کسی ڈیل کے نتیجے میں واپس گئے۔