Friday, April 26, 2024

امریکی سرجنوں نے طویل آپریشن کے بعد بچے کا کٹا ہوا بازو دوبارہ جوڑ دیا

امریکی سرجنوں نے طویل آپریشن کے بعد بچے کا کٹا ہوا بازو دوبارہ جوڑ دیا
November 30, 2015
پٹس برگ (ویب ڈیسک) امریکہ میں ماہر سرجنوں کی ٹیم نے ایک بارہ سالہ بچے کے کٹے ہوئے بازو کو دوبارہ جوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق جدید سائنس کی دنیا میں حقیقی معجزات رونما ہونے لگے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ امریکی ریاست پنسلوانیا میں پیش آیا ہے جہاں ماہر سرجنوں کی ٹیم نے ایک کامیاب آپریشن کے بعد لڑکے کا کٹا ہوا بازو پھر سے جوڑ دیا ہے اور لڑکے کو ہمیشہ کے لیے معذور ہونے سے بچا لیا۔ پٹس برگ شہر سے 60 کلومیٹر کی دوری پر واقع ایک چھوٹے سے قصبے نوکس سے تعلق رکھنے والے لڑکے سیتھ اپیل کا دائیں بازو ایک ہولناک حادثے میں کٹ کر علیحدہ ہو گیا تھا۔ مقامی ہسپتال کے عملے نے لڑکے کا کٹا ہوا ہاتھ فوری طور پر برف میں منجمد کر کے لڑکے کو پٹس برگ کے ایک بچوں کے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ماہر سرجنوں کی ٹیم نے آٹھ گھنٹے تک جاری رہنے والے ایک کامیاب آپریشن کے بعد بازو کی پیوند کاری اس کی اصل جگہ پر کر دی۔ بازو کی کامیاب پیوند کاری کرنے والی سرجن لورلائی گرن والتھ کا کہنا ہے کہ لڑکے کا ہاتھ ٹھیک لگ رہا ہے لیکن بازو کی صحت یابی میں مہینوں لگ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ سیتھ اپیل رواں ماہ کے اوائل میں اس وقت شدید زخمی ہو گیا تھا جب اس کی آستین ایک مشین میں پھنس گئی اور اس کا ہاتھ مشین میں آکر بازو اور کہنی کے درمیان سے علیحدہ ہو گیا۔ لڑکے کے ماں کا کہنا ہے کہ یقینا خدا نے ہمارے بچے کی بڑی مدد کی اور آگے بھی وہی اس کی ضرورتوں کو پورا کرے گا‘ ہم خدا کے بہت شکر گزار ہیں۔