Monday, September 16, 2024

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ تاحال بےقابو

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ تاحال بےقابو
July 31, 2018
کیلی فورنیا ( 92 نیوز) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ تاحال بےقابو ہے، بھڑکتے شعلوں کی زد میں آکر 8 افراد ہلاک جبکہ 29 لاپتہ ہوگئے ، آتشزدگی کے باعث متاثرہ علاقوں کا موسم بھی شدید گرم ہوگیا۔ کیلی فورنیا کے جنگلات میں 17 مقامات پر لگی آگ کی تباہ کاریاں جاری ہیں ، ایک ہزار سے زائد عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن گئی ہیں جبکہ مزید پچیس ہزار افراد کو شدید خطرہ لاحق ہے ، باون ہزار افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں ۔ ایک ہفتہ قبل بھڑکنے والی کار فائر کو رواں برس کی بدترین آگ قرار دیا جارہا ہے ، جس کی زد میں آکر ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے 12 ہزار اہلکار آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ، تاہم خشک موسم اور تیز ہوائیں ہر تدبیر کو ناکام بنارہے ہیں ۔ بھڑکتے شعلوں نے جہاں زمین پر تباہی مچائی ہے وہیں موسم کو بھی اپنے لپیٹ میں لے لیا ہے ۔  ماہرین کے مطابق متاثرہ علاقوں میں نیا موسمی نظام بن چکا ہے  جو نہ صرف شدید گرم ہے بلکہ اس کی وجہ سے آتشیں بگولے بھی بن رہے ہیں ۔ کیلی فورنیا میں خشک اور گرم موسم کے باعث جنگلاتی آگ کا لگنا ایک معمول ہے  جو ہر سال بڑے پیمانے پر تباہی مچاتی ہے ۔ رواں برس کے دوران اب تک 44 لاکھ ایکڑ رقبہ جل چکا ہے۔