Friday, May 17, 2024

امریکی ریاست کیرولینا میں سمندری طوفان فلورنس نے تباہی مچادی

امریکی ریاست کیرولینا میں سمندری طوفان فلورنس نے تباہی مچادی
September 15, 2018
کیرولینا( 92 نیوز) امریکی ریاست کیرولینا میں فلورنس نامی سمندری طوفان نے تباہی مچادی، طوفان کے باعث اب تک 7 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔دوسری طرف فلپائن بھی خوفناک طوفان منگھٹ کی زد میں ہے جس میں اب تک 12افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکی ریاست کیرولینا  خوفناک سمندری طوفان فلورنس کی وجہ سے ڈوب گئی ،تیز ہواؤں نے نظام زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا اور شدید بارشوں نے سیلابی صورتحال پیدا کردی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق مرنیوالوں میں ایک خاتون اور نومولود بھی شامل ہے،مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہاہے۔ فلورنس طوفان کے سبب پروازیں اور ریل سروس معطل ہو گئی ،نو لاکھ گھر بجلی  سے بھی محروم ہوچکےہیں ۔حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں کو خالی کرنے کا انتباہ جاری کیا جاچکا ہے، جہاں 17 لاکھ افراد رہائش پذیر ہیں۔ شمالی کیرولینا کے گورنر رائے کوپر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ طوفان سے سارا علاقہ تباہی کا شکار ہو سکتا ہے ۔ دوسری جانب 2018 کی تاریخ کا سب سے خوفناک سمندری طوفان منگھٹ بھی فلپائن کے ساحلوں سے ٹکرا گیاجس کے باعث طوفانی بارشوں سےسیلابی صورتحال پیداہوگئی،ماہرین کے مطابق منگھٹ طوفان اب جنوبی چین اور ہانگ کانگ کے ساحلوں کی جانب بڑھےگا۔