Saturday, May 11, 2024

امریکی ریاست وسکونسن میں پولیس گردی کیخلاف مظاہروں کاسلسلہ جاری

امریکی ریاست وسکونسن میں پولیس گردی کیخلاف مظاہروں کاسلسلہ جاری
August 25, 2020

وسکونسن ( 92 نیوز) امریکی ریاست وسکونسن میں پولیس گردی کیخلاف مسلسل دوسری رات بھی پُرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا ،کشیدہ حالات کے باعث کینوشا میں نیشنل گارڈز تعینات کر دیئے گئے۔

جیکب بلیک نسلی امتیاز کیخلاف عالمی تحریک کا نیا استعارہ بن گئے ، اتوار کو پولیس کی گولیوں سے شدید زخمی ہونے والے سیاہ فام امریکی شہری کی حالت تو بہتر ہوگئی ،لیکن پولیس کے امتیازی سلوک کیخلاف عوامی غصہ کم نہ ہوسکا۔

مظاہرین نے پہلے کینوشا کی سیفٹی بلڈنگ اور پھر کورٹ ہاؤس کی جانب مارچ کیا ،جہاں پولیس کے ساتھ ساتھ ان سے نمٹنے کیلئے نیشنل گارڈز بھی موجود تھے ، سکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کیخلاف آنسو گیس اور لاٹھیوں کا بے دریغ استعمال کیا، جس سے متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔

وسکونسن کے گورنر ٹونی ایورس نے 31 اگست کو مقامی قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے ، جس میں مجوزہ  پولیس اصلاحات کو قانونی شکل دینے کیلئے اقدامات متوقع ہیں۔

گورنر کا کہنا تھا کہ اسمبلی ارکان  دو ماہ قبل تجویز کی گئی اصلاحات کو قانونی شکل دینے میں ناکام رہے ،انہوں نے اراکین پر زور دیا کہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے، خصوصی اجلاس میں ایسے  نتیجہ خیز اقدامات اٹھائیں جو وسکونسن کے لوگوں کا حق ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کی دوپہر وسکونسن کے شہر کینوشا میں پولیس اہلکاروں نے 29 سالہ جیکب بلیک کو کمر میں گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا تھا۔