Thursday, April 25, 2024

امریکی ریاست فلوریڈا کی نیول بیس میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک

امریکی ریاست فلوریڈا کی نیول بیس میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک
December 7, 2019
فلوریڈا (92 نیوز) امریکی ریاست فلوریڈا کی نیول بیس میں فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے۔ فلوریڈا کا بحری اڈہ صبح سویرے گولیوں کی ترتڑاہٹ سے گونج اٹھا۔ زیر تربیت سعودی طالب علم کی فائرنگ سے تین افراد  ہلاک اور گیارہ زخمی ہوگئے، جوابی کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے حملہ آور کو گولی مارکر ہلاک کر دیا ۔ فائرنگ سے نیول بیس پر موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بیس کو کچھ وقت کیلئے بند کرنا پڑا۔ واقعے کے بعد سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امریکی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران حملے کی شدید مذمت کی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ سلمان نے فائرنگ سے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے عزیز و اقارب سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ شاہ سلمان نے ٹرمپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عوام حملہ آور کے وحشیانہ اقدام پر سخت برہم ہیں۔ وہ کسی طور سعودی عوام کے جذبات کی ترجمانی نہیں کرتا۔ اس سے قبل بدھ کے روز پرل ہاربر فوجی اڈے میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 2 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔