Friday, April 19, 2024

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی کا دورانیہ بڑھا دیا گیا

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی کا دورانیہ بڑھا دیا گیا
January 25, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی کا دورانیہ بڑھا دیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی شروع ہونے تک 7 ہزار نیشنل گارڈز شہر میں تعینات رہیں گے۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد بھی مشکلات نے پیچھا نہ چھوڑا۔ ٹرمپ کے سر پر ایک بار پھر مواخذے کی تلوار لٹکنے لگی۔ اس بار ڈیموکریٹس کے ساتھ ان کی اپنی پارٹی ری پبلکن کے کچھ رہنما  مواخذے کی کارروائی کو جائز قرار دے رہے ہیں۔ مواخذے کی باقاعدہ کارروائی اگلے ماہ فروری میں شروع ہو گی۔

ری پبلکن پارٹی کے سابق صدارتی امیدوار مٹ رومنی نے ٹرمپ کے مواخذے کو آئینی اور جائز قرار دیتے ہوئے اس کی حمایت کر دی۔

دوسری جانب ری پبلکن سینیٹر مائیک راؤنڈز نے ٹرمپ کی حمایت کرتے ہوئے سینٹ کی کارروائی کواحمقانہ حرکت قرار دیا ہے۔

ڈیموکریٹ پارٹی متحدہ ہے کہ ٹرمپ کا مواخذہ ہونا چاہیے۔ واشنگٹن  پر حملے کا ذمہ دار ٹرمپ کو قرار دے کر ان کے خلاف یہ کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

مواخذے کی تحریک کا آغاز آج سے شروع کیا جارہا ہے۔ سینیٹ اور ایوان زیریں میں اس پر باقاعدہ بحث شروع کی جارہی ہے جبکہ مواخذہ فروری میں کیا جائے گا۔

ٹرمپ امریکی تاریخ کے پہلے صدر ہیں جن کا دوسری بار مواخذہ کیا جارہا ہے اور یہ اعزاز بھی ٹرمپ کو حاصل ہے کہ وہ تاریخ میں پہلے امریکی صدر ہوں گے جن کا مواخذہ صدارت چھوڑنے کے بعد کیا جارہا ہے۔

اگر ٹرمپ کا مواخذہ ہو جاتا ہے تو پھر ان سے سابق صدور کو دی جانے والی تمام مراعات چھین لی جائیں گی۔