Sunday, May 19, 2024

امریکی حکام سے کھل کر پاکستان کا مؤقف بیان کیا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

امریکی حکام سے کھل کر پاکستان کا مؤقف بیان کیا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی
September 22, 2017

نیویارک (92 نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ امریکی صدر سے عشائیے پر غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے اوراپنا موقف ان کے سامنے بیان کیا ہے۔ امریکہ میں ڈومور کی کوئی بات نہیں سنی۔ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ وفاقی کابینہ میں ردوبدل نہیں کیا جا رہا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیویارک میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وفد نے کل 27 ملاقاتیں کی ہیں۔ پاکستان کا مؤقف ہرجگہ وضاحت سےبیان کیا ہے۔ امریکی صدرڈونلڈٹرمپ سےان کے عشائیے میں غیررسمی ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نےکہا کہ امریکہ میں ڈومور کی کوئی آواز نہیں سنی، بڑےممالک نےدہشتگردی کیخلاف جنگ پر ہمارے مؤقف کی تائید کی اور امریکی مؤقف کو مسترد کیا ہے۔

وزیراعظم نےکہا کہ امریکا کو بتا دیا افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ افغانستان میں جنگ سےامن ممکن نہیں۔ مذاکرات سے ہی مسئلہ کا حل نکالنا ہوگا۔ صدر ٹرمپ کی تقریر لمبی ہونے کی وجہ سے افغان صدر سے ملاقات نہ ہوئی۔

وزیراعظم نے پریس کانفرنس میں سیاسی معاملات پر بھی بات کی اور بتایا کہ کابینہ میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جارہا۔ عدالتی فیصلے کے بعد اقتدار کی منتقلی اقتدار جمہوریت کی مضبوطی تھی۔ سول اور عسکری قیادت ایک ہی پیج پرہیں۔

اس موقع پر وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ روس خطےکی ایک طاقت ہے روسی وزیرخارجہ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں افغان معاملے پر بات ہوئی ہے۔