Thursday, April 25, 2024

امریکی حملے میں جاں بحق جنرل قاسم سلیمانی کی میت اہواز پہنچا دی گئی

امریکی حملے میں جاں بحق جنرل قاسم سلیمانی کی میت اہواز پہنچا دی گئی
January 6, 2020
 بغداد (92 نیوز) امریکی حملے میں جاں بحق جنرل قاسم سلیمانی کی میت ایران کےشہر اہواز پہنچا دی گئی۔ ایرانی جنرل اور القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی پر امریکی حملے نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کا خطرہ بڑھا دیا۔ عراق ایک بار پھر دھماکوں کی گونج کی زد میں آگیا۔ جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ کے کچھ ہی دیر بعد بغداد میں راکٹ حملے کردیئے گئے جن میں امریکی سفارتخانے اور امریکی ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ جنرل قاسم سلیمانی کی میت کو ایران کے شہر اہواز پہنچا دیا گیا جہاں ہزاروں  سوگواران  موجود تھے۔ ان کی نماز جنازہ منگل کو ان کے آبائی شہر کرمان میں ادا کی جائے گی۔ دوسری جانب امریکا نے عراقی فوجیوں کی تربیت کا عمل وقتی طور پر روک دیا ہے جبکہ مشرقی وسطیٰ میں تین ہزار اضافی اہلکار کو بھیجا جارہا ہے جن کے ساتھ ملٹری گاڑیاں اور جنگی طیارے بھی شامل ہیں۔ ترک صدر طیب اردوان نے جنرل قاسم سلیمانی کی موت کو امریکی حماقت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کیلئے یہاں بیرونی مداخلت کو روکنا ہو گا۔