Friday, March 29, 2024

امریکی باکس آفس پر ”ڈونٹ بریتھ“ نے تمام فلموں کا سانس بند کر دیا

امریکی باکس آفس پر ”ڈونٹ بریتھ“ نے تمام فلموں کا سانس بند کر دیا
August 29, 2016
لاس اینجلس (ویب ڈیسک) خوف و دہشت سے بھرپور ہالی وڈ فلم ”ڈونٹ بریتھ“ نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے دو ارب سے زائد کا بزنس کر کے باکس آفس پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ سوسائیڈ سکواڈ کی کامیابیوں کاسلسلہ بھی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہالی وڈ فلم ”ڈونٹ بریتھ“ آئی اور چھا گئی۔ ریلیز کے پہلے ہی ہفتے ہالی وڈ فلم نے دو سو ارب سے زائد کا کاروبار کر کے باکس آفس پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ہارر فلم ”ڈونٹ بریتھ“ کی کہانی تین دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو ایک گھر میں ڈکیتی کا منصوبہ بناتے ہیں۔ روکی نامی خاتون پرآسائش زندگی کا خواب لیے اس گروہ کا حصہ بن جاتی ہے۔ روکی اور اس کے دو دوست ایک امیر نابینا شخص کے گھر ڈاکہ ڈالنے کی ٹھان لیتے ہیں لیکن یہ نابینا شخص سیریل کلر نکلتا ہے۔ اس سے پہلے کہ تینوں دوست نابینا سیریل کلر کا شکار بنتے وہ اس کے گھر سے راہ فرار اختیار کر لیتے ہیں۔ فلم کی ہدایات فیڈی ایلویریز نے دی ہیں جبکہ نمایاں اداکاروں میں اسٹیفن لینگ، جین لیوی، ڈینئیل زوواٹو، کرسٹیان زیگا، کیٹیا بوکر اور ڈینا کلارک شامل ہیں۔ امریکی باکس آفس پر ”سوسائیڈ سکواڈ“ کا سحر ریلیز کے چوتھے ہفتے بھی کم نہ ہو سکا۔ ماردھاڑ سے بھرپور فلم ایک سو ارب روپے سے زائد جوڑ کر باکس آفس پر دوسرے نمبر پر رہی۔ تھری ڈی اینی میٹڈ فلم ”کوبو اینڈ دا ٹو اسٹرنگز“ کی کامیابیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ریلیزکے دوسرے ہفتے فلم نے 75 کروڑ روپے کمائے اور باکس آفس میں تیسرے نمبر پر ہے۔ فلم ”سوسیج پارٹی“ چوتھے اور ”مکینک ریزو ریکشن“ پانچویں نمبر پر ہے۔