Friday, April 26, 2024

امریکی ایوان نمائندگان کا منظور کردہ عارضی اخراجاتی بل سینٹ سے مسترد

امریکی ایوان نمائندگان کا منظور کردہ عارضی اخراجاتی بل سینٹ سے مسترد
January 20, 2018

نیو یارک ( 92 نیوز ) امریکا میں ایوان نمائندگان کے منظور کردہ عارضی اخراجاتی بل کو سینیٹ نے مسترد کردیا ۔ جس کے بعد بیشتر سرکاری  ادارے بند ہوگئے ۔ حکومتی جماعت ریپبلکن پارٹی نے شٹ ڈاؤن کی ذمہ داری ڈیموکریٹس پر عائد کردی۔

امریکا کی حکمران ریپبلکن پارٹی اور ڈیموکریٹس کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ۔ چار سال بعد حکومتی شٹ ڈاؤن شروع ہو گیا۔

سینیٹ میں قلیل مدتی اخراجاتی بل پیش کیا گیا جس میں معاملات  حل ہونے تک ایک ماہ کیلئے فنڈنگ جاری رکھنے کا کہا گیا تھا ۔ رائے شماری کے نتائج کے مطابق بل کی مخالفت میں پچاس اور حق میں انچاس ووٹ پڑے ۔

ڈیموکریٹس کا مطالبہ تھا کہ ڈاکا قوانین کے تحت  8 لاکھ نوجوان تارکین وطن کو تحفظ فراہم کیا جائے  ۔ ادھر ریپبلکن پارٹی  دفاعی اخراجات بڑھانا چاہتی ہے تاہم دونوں میں  رات گئے تک جاری مذاکرات کے باوجود  اتفاق نہ ہوسکا ۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے بیان جاری کرتے ہوئے  شٹ ڈاؤن  کا ذمہ دار ڈیموکریٹس کو قرار  دیتے ہوئے کہا حزب اختلاف کی جماعت نے امریکی عوام کو یرغمال بنالیا ہے ۔

شٹ ڈاؤن کے اعلان  کےبعد امریکی افواج اور سکیورٹی اداروں کے علاوہ دیگر سرکاری اداروں کو فنڈنگ روک دی گئی ہے ۔