Wednesday, May 8, 2024

امریکی الیکشن میں جادو ٹونے کا راج، جادوگروں کے ٹرمپ کیلئے جنتر منتر

امریکی الیکشن میں جادو ٹونے کا راج، جادوگروں کے ٹرمپ کیلئے جنتر منتر
November 2, 2020

پیرو(92نیوز) امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات پر جہاں دنیا بھر کے سیاسی رہنماؤں کی نظریں جمی ہیں وہاں پیرو کے کئی جادوگروں نے امریکی الیکشن  میں  اپنی پسند کے صدارتی امیدوار کی کامیابی کے لیے جنترمنتر شروع کر دیے ہیں۔

اپنے امیدوار کو امریکی الیکشن  جتوانے کیلئے  پیرو کے جادوگر بھی میدان میں آ گئے ، پیرو کے قدیم قبائل میں اکثر لوگ اپنے علاج معالجے ، مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے روحانی پیشواؤں اور جادوگروں کے پاس جاتے ہیں جنہیں مقامی زبان میں شمن کہا جاتا ہے۔شمن مرد بھی ہوتے ہیں اور عورتیں بھی۔

شمن یہ دعویٰ بھی کرتے ہیں کہ وہ انسانوں اور روحوں کے درمیان پل کا کام کرتے ہیں، بعض شمن شہری آبادیوں میں رہتے ہیں اور ان کے پاس عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہتا ہے لیکن اب پیرو قبائل کے کئی روحانی پیشوا اور جادوگر اپنی نظریں تین نومبر کو امریکامیں ہونے والے صدارتی انتخاب پر جمائے ہوئے ہیں۔

رائٹرز نے اپنی ایک رپورٹ میں ایک شمن خاتون اور ایک شمن مرد کا ذکر کیا ہے۔ شمن خاتون مخصوص انداز کا لباس پہنے، بلند آواز میں کچھ پڑھ رہی ہے اور گاہے بگاہے ایک قدیم طرز کا ساز اٹھا کر اس میں زور سے پھونک مار دیتی ہے۔

امریکی میڈیا  نے صدر ٹرمپ کی کامیابی کے لیے عملیات کرنے والے پیرو کے روحانی معالج اور جادوگر کا بھی ذکر کیا ہے۔ اس کا نام پابلوٹورس ہے۔ اس نے بھی خاتون شمن کی طرح جادوگروں والا مخصوص فرغل پہنا ہوا ہے پابلو اپنے سامنے صدرٹرمپ کی ایک تصویر رکھے ہوئے کوئی عمل کر رہا ہے۔

امریکہ میں رائے عامہ کے حالیہ جائزے یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ اہم ریاستوں میں دونوں صدارتی امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔ ہار جیت کا فیصلہ جادو اور علمیات کے اثر سے نہیں بلکہ ووٹ کی طاقت سے ہو گا۔