Sunday, May 5, 2024

امریکی اقدام سے دو ریاستی حل دفن ہو جائے گا، خواجہ آصف

امریکی اقدام سے دو ریاستی حل دفن ہو جائے گا، خواجہ آصف
December 7, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دار الحکومت تسلیم کرنے اور سفارتخانہ تل ابیب سے منتقل کرنے کے امریکی اقدام کی مذمت کر دی۔ اس حوالے سے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ اس اقدام سے دو ریاستی حل دفن ہو جائے گا۔
وزیر خارجہ خواجہ آصف نے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانہ منتقل کر کےامریکا عملی طور پر مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت تبدیل کر دے گا۔ امریکی اقدام سے فلسطینی اور مسلم دنیا مشتعل ہو گی۔
وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ اس امریکی اقدام سے تنازع فلسطین کا دو ریاستی حل دفن ہو جائے گا۔ امریکی اقدام سے لہولہان مسلم امہ کو ایک اور زخم ملے گا۔
دوسری طرف امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چودھری نے کہا کہ فلسطین ایک آزاد اور خود مختار ریاست ہونی چاہئے۔ فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کیا جانا چاہیئے۔
مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دار الحکومت تسلیم کرنے کی خبر ملک کے کونے کونے میں چند ہی لمحوں میں پھیل گئی جس کے بعد کراچی سمیت متعدد شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔
مظاہرین نے ٹرمپ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور امریکا سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔